• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورٹ قاسم میں سی ٹو اسٹیل منصوبے کو تیز کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

اسلام آباد ( نیو زر پورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم میں “سی ٹو اسٹیل” منصوبے کو تیز کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں صنعتی خودکفالت اور اسٹیل کی مقامی پیداوار کے فروغ پر زور دیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم آئی سی بلیو اکانومی وژن کا اہم ستون ثابت ہو سکتا ہے، جو بحری اثاثوں کے ذریعے صنعتی ویلیو ایڈیشن کو فروغ دے گا۔اجلاس میں انٹیگریٹڈ میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس (آئی ایم آئی سی) پر تفصیلی غور کیا گیا، جو بندرگاہی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن، جہاز سازی و ری سائیکلنگ سہولیات کے قیام اور مربوط اسٹیل مل کی بحالی پر مشتمل ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کا مقصد بحری وسائل کو صنعتی ترقی سے جوڑ کر قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔اجلاس میں چین کی شینڈونگ زنشو گروپ کے نمائندوں اور وزارت بحری امور کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) سید معظم الیاس نے کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔آئی ایم آئی سی کے تین بنیادی اجزاء میں آئرن اور کول برتھ جیٹی کی بحالی اور اپ گریڈیشن شامل ہے۔ اس سہولت کے تحت جہازوں کی ری سائیکلنگ اور مرمت کی جائے گی، جبکہ حاصل ہونے والا اسکریپ اسٹیل مل کی بحالی میں استعمال ہوگا۔ منصوبے کو “سی ٹو اسٹیل گرین میری ٹائم انڈسٹریل کوریڈور” کا نام دیا گیا ہے، جو شپ ری سائیکلنگ کو مقامی اسٹیل پیداوار سے جوڑ کر درآمدی خام مال پر انحصار کم کرنے میں مدد دے گا۔چینی کمپنی نے منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ایک جامع فزیبلٹی اسٹڈی جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس میں مالیاتی، ساختی و ہائیڈروگرافک تجزیے شامل ہوں گے۔ جنید انوار چوہدری نے واضح کیا کہ فزیبلٹی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس کا مکمل اور شفاف جائزہ لیا جائے گا اور حتمی منظوری قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر دی جائے گی۔ اگر منصوبہ منظور ہو جاتا ہے تو یہ حالیہ برسوں میں پاکستان کی سب سے بڑی بحری و صنعتی سرمایہ کاری میں شمار ہوگا اور پورٹ قاسم کو خطے میں بھاری صنعت اور لاجسٹکس کے اہم مرکز کے طور پر مستحکم کرے گا۔
اہم خبریں سے مزید