کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مذہبی امور کمیٹی کے زیرِ اہتمام آواز اٹھاؤ کراچی بچاؤ مہم کے سلسلے میں علماء و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام اور مشائخ عظام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس میں کراچی کے موجودہ سیاسی و سماجی حالات، مذہبی ہم آہنگی اور شہر کے بنیادی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی رہنما و ممبر نگراں مرکزی کمیٹی عبدالحسیب نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی اور اس کے چھینے گئے حقوق کی بحالی کیلئے علماء و مشائخ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ایم کیو ایم پاکستان رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر شہرِ قائد کے مظلوم طبقات کی آواز بن چکی ہے اور آواز اٹھاؤ کراچی بچاؤ مہم درحقیقت اس شہر کے استحکام کی پکار ہے، ایم کیو ایم ہر فورم پر کراچی کے عوام کے معاشی و سماجی حقوق کے تحفظ کیلئے برسرِ پیکار ہے۔