کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دے گی، البتہ اگر کوئی جلسہ کرنا یا دھرنا دینا چاہے تو حکومت مناسب جگہ فراہم کرے گی۔ وہ کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایسو سی ایشن آف کنسلٹنگ انجینئرز پاکستان کی انجینئرنگ اور تعمیراتی شعبے سے متعلق اہم کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی صحت کیلئے دعاگو ہوں۔ ہر شخص آصف علی زرداری نہیں ہو سکتا جنہوں نے 14سال قید کاٹی۔ متحدہ قومی موومنٹ وفاق میں شامل ہے اور اپنے مطالبات وزیر اعظم کے سامنے رکھے، تاہم پارٹی ایک بار پھر اندرونی دھڑوں کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو اسمبلی کا اجلاس نہیں ہوتا، تو ایک بند عمارت کا گھیرا کرنے کا مقصد کیا ہے۔چھٹی والے دن ایسے اقدامات سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔جماعت اسلامی نے شارع فیصل پر مارچ کیا جس سے عوام کو نقصان ہوا، حالانکہ شارع فیصل نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان کی ایک مرکزی شاہراہ ہے۔