اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق سیکرٹری ٹو چیف جسٹس نور محمد مرزا کو ایڈیشنل رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ نور محمد مرزا کو فوری طور پر ایڈیشنل رجسٹرار چیف جسٹس سیکرٹریٹ تعینات کر دیا گیا جہاں جمعہ کو انہوں نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل سلیکشن بورڈ کی سفارش پر تعیناتی عمل میں آئی۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی منظوری سے رجسٹرار یار محمد ولانہ نے نور محمد مرزا کی ترقی و تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ نور محمد مرزا کا شمار اسلام آباد ہائیکورٹ کے بانی افسران میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 31سال قبل کیا، 2007 میں ان کی خدمات لاہور ہائیکورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سپرد کی گئیں۔ نور محمد مرزا کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سروس کے دوران پانچ چیف جسٹس صاحبان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اور اعزاز حاصل ہے