کراچی( افضل ندیم ڈوگر )کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کیلئے مثبت اقدامات سامنے آرہے ہیں۔ کراچی امیگریشن ڈیپارچر کے تمام 20 کاؤنٹرز فعال کردیئے گئے ہیں۔ اس نمائندے کے دورے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کراچی شہزاد اکبر نے بتایا کہ کراچی پورٹ، بن قاسم سے امیگریشن ملازمین کا کراچی ایئرپورٹ تبادلہ کردیا گیاہے۔ مصروف اوقات میں ڈیپارچر کے تمام 20 کاؤنٹر پر مستعد عملے کی تعیناتی سے اب ایک مسافر کی امیگریشن اوسط ایک منٹ میں ہوجاتی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ پری ڈیپارچر کاؤنٹر بھی فعال ہے۔ شہری روانگی سے کچھ دن پہلے کلیرنس کرا سکتے ہیں۔ شہزاد اکبر نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ مسافروں کیلئے ڈراؤنا خواب ہونے کی باتیں نامناسب ہیں، کراچی ایئرپورٹ اب سہولیات کا مرکز بن رہا ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر بہت جلد ای گیٹ بھی نصب کئے جائیں گے اور ڈیپارچر کے مسافروں کیلئے خصوصی ایپ بھی لانچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی جانب سے اقدامات کے تحت مسافروں کے عزیز و اقارب کو ڈیپارچر کے باہر تک محدود کردیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ مصروف اوقات میں ڈومیسٹک لاؤنج کے کچھ کاونٹرز کو انٹرنیشنل لاؤنج شامل کیا جانے لگا ہے جس سے ایئر لائنز کو بورڈنگ کیلئے کافی جگہ فراہم کی جا رہی ہے۔