اسلام آباد( صالح ظافر) پاکستان بنگلہ دیش میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے رہنما طارق رحمان کی بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد ڈھاکا بھیجے گا۔ ڈھاکا میں تاحال حلف برداری کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم وہاں موجود ذرائع کے مطابق یہ تقریب غالباً 21 فروری کو منعقد ہوگی۔جمعے کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر طارق رحمان سے رابطہ کیا اور انہیں انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے آنے والی حکومت اور بنگلہ دیش کے برادر عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پرامن انتخابی عمل کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو اپنے اپنے ملکوں کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء اور شہید جنرل ضیاء الرحمٰن کے دورِ حکومت کو بنگلہ دیش کے سنہری دن قرار دیتے ہوئے یاد کیا۔