اسلام آباد(ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے معاملے پر اپوزیشن کا پارلیمنٹ ہائوس کے باہردھرناجاری ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی دھرنے میں موجود ہیں، طارق فضل چوہدری سے اپوزیشن چیمبر میں محمود خان اچکزئی اور بیرسٹر گوہر نے ملاقات کی جس میں انہوں نے پارلیمنٹرینز کو روکنے پر احتجاج ریکارڈ کرایا، پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کرنے والے اپوزیشن ارکان سے حکومت نے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قیادت نے ون پوائنٹ ایجنڈا حکومتی نمائندے کے سامنے رکھا اور کہا کہ مطالبہ تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔حکومتی نمائندے نے وزیراعظم سے مشاورت کے بعد اپوزیشن کو جواب دینے کا کہا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے پارلیمنٹرینز کو روکنے پر احتجاج ریکارڈ کرادیا۔وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری سے اپوزیشن چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن لیڈر نے احتجاج کیا۔ ملاقات میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی موجود تھے۔