کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عدنان اقبال چوہدری کے روبرو ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں آگاہ کیا ہے کہ کاٹن ایکسچینج کی عمارت کو ڈی سیل کرنے اور کے ایم سی حکام کیخلاف درج مقدمے کو انکوائری میں تبدیل کر دیا ہے۔ دو رکنی بینچ کے سربراہ عدنان اقبال چوہدری نے محفوظ کئے گئے فیصلہ سنانے کے بجائے مزید سماعت کیلئے نئی تاریخ مقرر کر دی تاہم عبوری حکم نامے برقرار رہیں گے،آئندہ سماعت کے لئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئےگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کاٹن ایکسچینج ایسوسی ایشن نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ دسمبر 2025 میں ایف آئی اے نے چھاپہ مار کر عمارت میں موجود تمام لوگوں کو باہر نکال دیا اور عمارت سیل کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ عمارت متروکہ املاک کی ملکیت ہے۔ ہائیکورٹ نے فروری 2026میں ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ کے ایم سی ، اور کراچی کاٹن ایکسچینج سمیت تمام متاثرہ فریقین کے خلاف تاحکم ثانی کوئی کارروائی نہ کی جائے اور عدالت عالیہ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں فیصلہ سنائے جانے سے قبل ہی ایف آئی اے نے عدالت عالیہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ مذکورہ عمارت سے متعلق درج مقدمے کو انکوائری میں تبدیل کر دیا ہےاور اب قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی آگے بڑھے گی اور مجاز اتھارٹی کی منظوری سے مقدمہ درج کیا جائے گا۔ فاضل عدالت نے آبزرویشن میں کہا کہ ہم اس کیس میں فیصلہ محفوظ کر چکے تھے لیکن فیصلہ سنانے سے قبل ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اس لئے اب 4 مارچ کے لئے سماعت دوبارہ سے مقرر کی جاتی ہے تاکہ درخواست گزاروں کو مزید سنا جا سکے البتہ اس دوران عدالت کے جاری عبوری حکم نامے اپنی جگہ برقرار رہیں گے۔