کراچی ( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے پاکستان اسٹیل مل کی زمین پر مبینہ غیر قانونی بچت بازاروں کے انعقاد سے متعلق انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔اس حوالے سے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے تفتیشی افسر نے پاکستان اسٹیل مل کے فوکل پرسن کو 3 فروری 2026 کو متعلقہ ریکارڈ کی فراہمی کے لئے خط ارسال کیا تھا۔خط کے مطابق مبینہ غیر قانونی بچت بازار کے انعقاد میں مقامی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت بھی شامل ہے۔فوکل پرسن کو 7 روز میں درکار ریکارڈ فراہمی کی ہدایت کی گئی تھی۔طلب کردہ ریکارڈ میں زمین کی ملکیت، حد بندی ، لیز معاہدوں کی تفصیلات،بچت بازاروں سے وصول کردہ کرایہ اور فیس کی بینک رسیدیں بھی شامل ہیں۔کووڈ سے قبل کے بچت بازار کے لئے معاہدوں،این او سی، اجازت ناموں اور ممظوری کی دستاویزات بھی طلب کی گئی تھیں۔ خط میں کہا گیا تھا کہ اسٹیل مل کو ملنے والے کرائے، لائسنس فیس سمیت دیگر وصول کردہ چارجز، بینک چالان اور رسیدیں بھی فراہم کی جائیں۔ خط کے مطابق درکار ریکارڈ فوری اور ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیل مل انتظامیہ کی جانب سے تاحال صرف جزوی ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے،ایف آئی اے اب بھی پاکستان اسٹیل کے ساتھ ریکارڈ کے لیے رابطہ کر رہی ہے۔