• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، وفاقی جیوری نے ڈیموکریٹک قانون سازوں کیخلاف فرد جرم مسترد کردی

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکامیں وفاقی جیوری نے ڈیموکریٹک قانون سازوں کیخلاف فرد جرم مسترد کر دی۔ چھ ڈیموکریٹک سینیٹرز اور رکنِ کانگریس پر غیر قانونی فوجی احکامات سے متعلق ویڈیو پر فرد جرم کی کوشش ،صدر ٹرمپ اور اتحادیوں کے دباؤ کے باوجود مقدمہ نہ چل سکا،ملزمان نے آئینی حقوق پر حملہ قراردے دیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق دارالحکومت میں وفاقی جیوری نے چھ ڈیموکریٹک قانون سازوں، جن میں سینیٹرز مارک کیلی اورایلیسا سلاٹکن شامل ہیں، کے خلاف فرد جرم دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جو ایک ویڈیو کی بنیاد پر کی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں قانون سازوں نے فعال فوجی اور انٹیلیجنس اہلکاروں کو یاد دلایا کہ غیر قانونی احکامات کی مخالفت کرنا قانونی فریضہ ہے۔ وفاقی پراسیکیوٹرز نے اس معاملے کو فوجی نظم و ضبط کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کیس چلانے کی کوشش کی، تاہم جیوری نے فرد جرم مسترد کر دی۔ قانون سازوں نے اس اقدام کو سیاسی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مترادف قرار دیا، جبکہ بعض ری پبلکن قانون ساز بھی اس نتیجے پر اطمینان کا اظہار کرتے نظر آئے۔ ناقدین نے خبردار کیا کہ اس طرح کی کوششیں عدالتی نظام پر اعتماد کو کمزور کر سکتی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیاسی تنازعات کے درمیان حد بندی کو دھندلا سکتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید