کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جانے کیلئے پاکستان کو نمیبیا کو شکست دینا ضروری ہے۔معمولی سی غلطی گھر واپسی کا راستہ دکھادے گی۔ پاکستان نے نیدر لینڈز اور امریکا کو تو زیر کرلیا لیکن بھارت کے ہاتھوں 61رنز سے شکست کھائی ہے۔ پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں میں بابر اعظم بھارت کے خلاف بیٹنگ میں مکمل ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے روایتی حریف کے خلاف پانچ میچز کھیلے اور صرف 42 رنز ہی بنا سکے ہیں۔ سنہالیز اسپورٹس کلب میں میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کولمبو میں بدھ کو 50 سے 80فیصد تک بارش کے امکانات ہیں۔ میچ بارش کی نذر ہوگیا تو بھی پاکستانی ٹیم دوسرے مرحلے میں پہنچ جائے گی۔ پاکستان گروپ اے میں 3 میچز میں 2 فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، نیٹ رن ریٹ امریکا سے بھی کم منفی 0.403 ہے۔ پاکستان شکست کی صورت میں امریکا 4 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بدولت سپر 8 میں پہنچ جائے گا۔ دریں اثنا کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسپنر عثمان طارق نے کہا ہےکہ بابر اعظم اور شاہین آفریدی نے بہت میچز بھی جتوائے ہیں ، ایک میچ اچھا نہیں ہوا تو یہ کھیل کا حصہ ہے۔ ہم نے غلطیوں پر کام کیا ہے، دوبارہ غلطیاں نہیں کریں گے تو مشکل نہیں ہوگی۔ پاک بھارت میچ پوری قوم دیکھتی ہے، اپنی بھرپور کوشش کی اور آئندہ اس سے بھی بہتر کرنے کی کوشش ہوگی۔ فائنل کھیلنا اور جیتنا ہمارا اولین مقصد ہے، پلیئنگ الیون پر میرا اختیار نہیں ہوتا، کپتان، کوچ اور سلیکٹرز کوئی فیصلہ کرتے ہیں انہیں بیک کرنا چاہیے ۔کرکٹ میں دوبارہ واپس ایم ایس دھونی کی وجہ سے آیا ۔