کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے ہاکی ورلڈکپ میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ہر15، 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ورلڈکپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں جاپان کو شکست دے کر ورلڈکپ میں رسائی حاصل کی ہے۔ ہاکی ٹیم پیر کی علی الصبح مصر سے اسلام آباد پہنچی تو کھلاڑیوں کا شان دار استقبال کیا گیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کرن ڈار نے ائیر پورٹ پر خوش آمدید کہا ،پاکستان ہاکی فیڈریشن، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام بھی موجود تھے۔ کھلاڑیوں کو ہار پہناے گئے ۔ ہاکی ورلڈ کپ رواں سال اگست میں ہالینڈ اور بیلجیم میں کھیلا جائے گا۔ بعدازاں ہیڈ کوچ اولمپئن خواجہ جنید کی قیادت میں ٹیم منیجمنٹ اور کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف کے عبوری صدر محی الدین وانی سے ملاقات کی۔