• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ون ڈے، پاکستان ٹیم منہ کے بل گر گئی، شرمناک شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرم ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ٹیم منہ کے بل گر گئی۔ فاسٹ بولر ناہید رانا نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو با آسانی 8وکٹ کی فتح دلوادی ۔ اس نے ہدف15.1اوورز میں 209 گیندیں قبل پورا کرلیا ۔ پاکستانی بیٹنگ لائن کے پاس نہ ناہید رانا کی شارٹ پچ گیندوں کا جواب تھا نہ وہ اسپنر کو اچھا کھیل سکے۔ بدھ کو میر پور ڈھاکا میں پہلے ون ڈے انٹر نیشنل پاکستانی بیٹنگ 31 ویں اوور میں114 پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف سب سے کم اسکور ہے ۔ 1999میں نارتھمپٹن میں پاکستانی ٹیم 161رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔ ناہید رانا کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ مہدی حسن میراز نے 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بابر اعظم اور صائم ایوب کو ڈراپ کرنے کے بعد پاکستان کی کارکردگی مزید خراب دکھائی دی۔ چھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ فہیم اشرف نے 37رنز47 گیندوں پر بنائے ان کی اننگز کی بدولت پاکستان نے سو کا ہندسہ کراس کیا ۔ صاحبزادہ فرحان نے38گیندوں پر27 رنز چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ پہلا ون ڈے کھیلنے والے معاذ صداقت نے تین چوکوں کی مدد سے 18رنز بنائے۔ پہلی وکٹ پر41 رنز بنے ، ایک موقع پر 47رنز پر ایک وکٹ گرا تھا لیکن پھر بقیہ 9 بیٹسمین67رنز کا اضافہ کرسکے۔ شامل حسین 4، محمد رضوان 10، سلمان علی آغا 5، عبدالصمد صفر ، حسین طلعت اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 4، 4 جبکہ محمد وسیم صفر پر پویلین لوٹ گئے ۔ بنگلہ دیش کی طرف سے تنزید حسن نے42گیندوں پر پانچ چھکے اور سات چوکے لگاکر ناقابل شکست 67 ، نجم الحسین شنتو نے 27 اور سیف حسن نے چار رنز بنائے۔ لٹن داس چار رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے35 اور محمد وسیم نے24رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑیوں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ڈیبیو کیا۔ صاحبزادہ فرحان ، عبدالصمد، شامل حسین اور معاذ صداقت نے اپنا ڈیبیو میچ کھیلا۔

اسپورٹس سے مزید