لاہور (خبرنگار) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مختلف سکولوں کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سکولوں میں موجود سہولیات اور تعمیراتی و توسیعی امور کا جائزہ لیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شادمان میں آئی ٹی ٹیچر نہ ہونے کی شکایت پر وزیر تعلیم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن کو آئی ٹی ٹیچر کی دستیابی فوری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ رانا سکندر حیات نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مزنگ میں واش رومز کی صفائی نہ ہونے اور صاف پانی کی عدم دستیابی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل کو 3 دن میں مسئلہ حل کرنے اور فلٹریشن پلانٹ کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ رانا سکندر حیات نے 3 دن تک صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے پر سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔ وزیر تعلیم نے بچوں کے ساتھ ملکر کرکٹ بھی کھیلی اور طلباء کی ڈیمانڈ پر ذاتی جیب سے سپورٹس کٹ لے کر دی۔