لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے امتِ مسلمہ کو رمضان المبارک کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان صبر، تقویٰ اور خدمتِ خلق کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت ماہ میں غریب اور مستحق افراد کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’رمضان نگہبان پیکیج‘‘ کے تحت تقریبا 40 لاکھ خاندانوں کو 10 ہزار روپے باعزت طریقے سے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور ضرورت مند گھرانوں کو سہولت میسر آئے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ سوشل ویلفیئر و بیت المال نے رمضان کی آمد سے قبل صرف 15 دن میں 3 ہزار سے زائد مستحق بچیوں کی شادیاں ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کے تحت مکمل کی ہیں، جو حکومتِ پنجاب کے فلاحی ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔