اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ راجہ مجاہد اور راجہ قیصر کو مسلم لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر میں شمولیتی پروگرام منعقد ہوا۔ وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، سابق وزیر آزاد جموں کشمیر مشتاق منہاس، مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کے صدر رانا غلام قادر نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ سابق ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر راجہ مجاہد نے کہا کہ راجہ امتیاز نے سب کو 2006ء میں اکھٹا کیا تھا تو ہم نے سیٹ جیتی تھی، اختلاف کی وجہ راجہ امتیاز کو نظر انداز کرنا تھا آج دوبارہ ہم اس پلیٹ فارم پر یعنی مسلم لیگ ن میں واپس آرہے ہیں، انشاءاللّٰہ اب ماضی کی طرح آزاد جموں کشمیر کو مضبوط کرینگے اور انتخابات میں مسلم لیگ ن کو کامیاب کرائیں گے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کامیابی حاصل کرے گی، جب بھی موقع ملا آزاد جموں کشمیر کی سیاست کے جو حق ادا کرسکے کریں گے۔