کراچی (اسد ابن حسن) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کے کمرشل بینک سرکل کراچی نے ایک بڑی کاروائی کرتے ہوئے ہنڈی حوالے کا ایک بہت بڑا ملزم گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نےاب تک 73 کروڑ 50لاکھ روپے اسپورٹس چینل کوبھجوائے ہیں۔ سرکل کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر فہد خواجہ نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی کا اعلی عہدے دار بڑے پیمانے پر ہنڈی حوالے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے۔ انکوائری میں تحقیقات کے بعد کچھ اہم معلومات حاصل ہوئی جس کے بعد شہر کے پوش علاقے میں واقع ایڈورٹائزنگ ایجنسی پر چھاپہ مار کر اس کے چیف فنانس افسر محمد فیصل کو حراست میں لیا اور ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ اس نے اب تک 90 لاکھ درہم (73 کروڑ 50 لاکھ روپے) متحدہ عرب امارات ہنڈی حوالے کے ذریعے ایک اسپورٹس چینل کو بھجوائے ہیں۔ ان انکشافات کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 10/26 درج کیا گیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔