کراچی (نیوز ڈیسک) ایران چین سے سپر سونک اینٹی شپ میزائل خریداری معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے، جدیدچینی سی ایم302میزائل کی مار 290کلومیٹر، کم بلندی و تیز رفتاری سے دفاعی نظام کو چکمہ دے سکتے ہیں۔میزائلوں کی تعیناتی ایران کی حملہ صلاحیت میں اضافہ کریگی ، خطے میں امریکی بحری افواج کیلئے خطرہ بنے گی۔ تہران دیگر میزائل نظام، زمینی فضائی، اینٹی بیلسٹک اور اینٹی سیٹلائٹ ہتھیار وں کیلئے بھی چین سے بات چیت کر رہا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی خصوصی رپورٹ کے مطابق ایران چین سے جدید اور تیز رفتار بحری جہاز شکن کروز میزائل خریدنے کے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے، جو ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ ایران کے قریب اپنی بحری طاقت جمع کر رہا ہے؛ مذاکرات سے باخبر چھ افراد کے مطابق یہ معاہدہ چینی ساختہ سی ایم302 میزائلوں سے متعلق ہے، جن کی مار تقریباً 290 کلومیٹر ہے اور جو کم بلندی اور انتہائی رفتار کے باعث بحری دفاعی نظام کو چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ماہرین کے مطابق ان میزائلوں کی تعیناتی ایران کی حملہ آور صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گی اور خطے میں امریکی بحری افواج کے لیے سنجیدہ خطرہ بن سکتی ہے۔