کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک اہم اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے ممکنہ حساس علاقوں کی ڈرونز سرویلنس کی جائے، بارڈر ایریاز میں امن و استحکام کے قیام کے لئے انٹیلی جنس رپورٹس کو بامقصد اور مؤثر بنایا جائے۔اجلاس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سمیت متعلقہ اعلیٰ پولیس و سیکیورٹی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی جی سندھ نے موجودہ سیکیورٹی حالات، ممکنہ خدشات اور جاری اقدامات کے حوالے سے وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔