کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کراچی کا دو روزہ دورہ کرتے ہوئے شہر کی اہم جامعات کا دورہ کیا، وائس چانسلرز اور تعلیمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور اعلیٰ تعلیم کے معیار، تحقیق اور ڈیجیٹل نظام کی بہتری پر زور دیا۔دورے کا آغاز انھوں نےکراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی سے کیا جہاں وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے ان کا خیر مقدم کیا بعد میںکراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کیتقریب سے خطاب کیا جہاں المنائی کی جانب سے 46 طلبہ کے لیے 5 کروڑ روپے کی اسکالرشپس کا اعلان کیا گیا، جبکہ داؤد یونیورسٹی میں طلبہ اور فیکلٹی سے خطاب میں نوجوانوں کو محنت اور مہارتوں کے حصول کی تلقین کی،داؤد یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین نے ڈاکٹر نیاز کا شکریہ ادا کیا۔چیئرمین ایچ ای سی نے این ای ڈی یونیورسٹی، آئی بی اے کراچی، جامعہ کراچی کے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بھی دورہ کیا، جہاں انھوں نے ڈاکٹر عطا الرحمان، ڈاکٹر رضا شاہ، ڈاکٹر اقبال چوہدری، ڈاکٹر اکبر زیدی اور ڈاکٹر شکیل خواجہ سے ملاقاتیں کیں۔سندھ ایچ ای سی میں صوبے بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز سے ڈاکٹر نیاز احمد نے خصوصی خطاب کیا اور انھیں بتایا کہ جامعات کے لیے کلاؤڈ ڈیٹا سینٹر قائم کر دیا گیا ہے اور اداروں کو ڈیٹا شیئرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جامعات میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد چار ملین ہے اور ایچ ای سی اساتذہ کی تربیت اور تحقیق کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ وفاقی اور سندھ ایچ ای سی مشترکہ این او سی کے نظام کے ذریعے جامعات کے پروگرامز میں ہم آہنگی پیدا کریں گے۔ اس موقع پر انھوں نے چیرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع اور سکریٹری نعمان احسن کا بھی شکریہ ادا کیا۔تعلیمی حلقوں کے مطابق یہ دورہ پالیسی ہم آہنگی، ادارہ جاتی روابط اور اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔