• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آوارہ کتوں کے کاٹے کے واقعات نہ رک سکے، کراچی میں ریبیز سے ایک اور ہلاکت

کراچی (بابر علی اعوان) سندھ میں ریبیز سے ایک اور ہلاکت رپورٹ ہو گئی ہے جس کے بعد رواں سال صوبے میں ریبیز سے ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی جبکہ ہزاروں افراد کتے کے کاٹےسے متاثر ہو چکے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں روزانہ درجنوں افراد آوارہ کتوں کے حملوں میں زخمی ہوتے ہیں لیکن کتوں کے خاتمے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کا تاحال فقدان ہے۔ تازہ واقعے میںملیر کے علاقے میمن گوٹھ سے تعلق رکھنے والے 34سالہ شخص کو 9 اپریل کو مشتبہ ریبیز انسیفلائٹس کی حالت میں انڈس اسپتال کورنگی لایا گیا، تاہم وہ اسی روز دم توڑ گیا۔ اسپتال حکام کے مطابق مریض تقریباً 40روز قبل اپنے ہی پالتو کتے کے کاٹے کا شکار ہوا تھا، کتے نے غیر معمولی رویہ اختیار کر لیا تھا اور ایک اور شخص کو بھی کاٹا، بعد ازاں کتے کو ہلاک کر دیا گیا۔ متاثرہ شخص نے ابتدائی طور پر ایک سرکاری اسپتال سے رجوع کیا، تاہم علاج کا ریکارڈ مکمل نہیں تھا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اینٹی ریبیز پوسٹ ایکسپوژر پروفیلیکسس درست طریقے سے نہیں دی گئی۔ انڈس اسپتال لانے سے دو روز قبل مریض میں بخار، نگلنے میں دشواری، بے چینی اور ہائیڈروفوبیا جیسی خطرناک علامات ظاہر ہو گئی تھیں۔
ملک بھر سے سے مزید