کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ گل پلازہ ، زندہ بچ جانیوالے شہری کے انتظامیہ کیخلاف سنگین الزامات،تحقیقاتی کمیشن کا میونسپل کمشنر، چیف فائر افسر اور ڈی جی ریسکیو 1122کو خط، 27 فروری تک جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں زندہ بچ جانے والے شہری نے انتظامیہ کے خلاف سنگین الزامات عائد کر دیئے، کمیشن کے سربراہ نے جرح کے لئے حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں ہوا۔ کمیشن کے روبرو سانحہ گل پلازہ میں بچ نکلنے والے شہری پیش ہوئے۔ شہری سید عبد اللہ نے بیان میں کہا کہ 10 بج کر 10 منٹ پر گل پلازہ کے میز انائن فلور پر شاپنگ میں مصروف تھے کہ لائٹ بند ہو گئی۔ 5 منٹ بعد شور مچا کہ آگ لگ گئی، دکاندار نے کہا کہ پریشان نہ ہوں آپ کا سامان دوسری طرف سے نکال لینگے۔ کچھ دیر بعد دھواں بھرنے لگا تو دکاندار نے کہا کہ باہر نکلتے ہیں۔