کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل ہائی وے پر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار کم سن بچہ جاں بحق جبکہ کم سن بہن زخمی ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود سومار گوٹھ میں ٹریفک حادثے میں کم سن بچہ جاں بحق اور کم سن بچی زخمی ہوگئی ۔ متوفی کی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں متوفی کی شناخت 3 سالہ عثمان ولد منظور علی اور زخمی بچی کی شناخت 5 سالہ مدیحہ کے ناموں سے ہوئی ۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی مدیحہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ حادثے کا شکار بھائی بہن اپنے والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل ان کی زدمیں آگئی ۔ حادثے میں بچوں کا والد منظور علی بھی معمولی زخمی ہوا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع پولیس کو ملی ہے جائے وقوعہ اور اسپتال پولیس روانہ کردی گئی ہے ۔ واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے ۔