• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انجینئرنگ و ٹیکنالوجی جامعات میں تعلیم و تحقیق کا معیار، جائزہ کمیٹی قائم

کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد نے ملک کی جامعات میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلیم اور تحقیق کے معیار کا جائزہ لینے اور انہیں مضبوط بنانے کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی نے اس کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی ہے جو ملک کی ہائر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز (HEIs) میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے پروگرامز، تحقیق اور معیار کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات پیش کرے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ڈاکٹر سروش ہاشمت لودھی، ڈاکٹر احسن اللہ کاکڑ، ڈاکٹر ثمرین حسین، جی آئی کے انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ٹوپی کے ریکٹر ڈاکٹر فضل احمد خالد، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز، شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیرآباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ، قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم رضا سمو اور پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر عبد الستار شاکر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور، مہران یونیورسٹی جامشورو، بلوچستان یونیورسٹی آف آئی ٹی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کوئٹہ، پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ اور میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلرز یا ان کے نامزد نمائندے بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ اسی طرح پاکستان انجینئرنگ کونسل کے رجسٹرار یا ان کے نامزد نمائندے کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ایچ ای سی کے ڈائریکٹر جنرل کوالٹی اشورنس ایجنسی کمیٹی کے سیکریٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس (TORs) میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں موجودہ تعلیمی و تحقیقی صورتحال کا جائزہ لینا، معیارِ تعلیم، نصاب اور ایکریڈیٹیشن کے نظام کا تجزیہ کرنا اور پاکستان انجینئرنگ کونسل اور نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے کردار کا جائزہ لینا شامل ہے۔کمیٹی انجینئرنگ تعلیم اور تحقیق کی صلاحیت بڑھانے، صنعت کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور سرکاری شعبے کی انجینئرنگ جامعات کو اپ گریڈ کرنے کے لئے تجاویز بھی دے گی۔ مزید برآں کمیٹی انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی پروگرامز میں داخلوں میں کمی کے رجحان کا جائزہ لے کر اس کے تدارک کے لئے اقدامات تجویز کرے گی اور نئے گریجویٹس کے لئے انٹرن شپ اور صنعتی تربیت کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔

اہم خبریں سے مزید