• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں یوم القدس بھرپور انداز سے منایا گیا

ملتان، مظفر گڑھ، تلمبہ، شجاع آباد‘روہیلانوالی (سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ جنگ‘ نامہ نگاران) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا گیا، نماز جمعہ کے اجتماعات میں مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور قبلہ اول کی آزادی کے عزم کا تجدید عہد کیا گیا، ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی بھی شدید مذمت کی گئی اور مظلوم فلسطینیوں اور ایرانیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، شیعہ علماء کونسل تحصیل و ضلع ملتان کے زیر اہتمام نواں شہر چوک پر احتجاجی ریلی منعقد کی گئی جس کی قیادت شیعہ علماء کونسل ملتان کے ضلعی صدر علامہ غضنفر علی حیدری، علامہ سید علی سجاد نقوی، بشارت عباس قریشی، مخدوم سید ظہور حسین شمسی اور مہر شاہد عباس چاون سمیت دیگر نے کی، اس موقع پر ریلی کے شرکا نے امریکا و اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی، مقررین کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ قبلہ اول جلد آزاد ہوگا اور مظلوم فلسطینیوں کا خون رنگ لائے گا، عالمی یوم القدس کے موقع پر تحریک آزادی القدس کی جانب سے مرکزی یوم القدس ریلی دربار شاہ یوسف گردیز سے گھنٹہ گھر چوک تک نکالی گئی، ریلی میں خواتین ، بچے ، بوڑھے ، جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جب کہ آخر میں امریکا اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کیے گئے، جمعیت علماء پاکستان (جے یو پی) کے زیر اہتمام یوم القد س کے موقعے پر مسجدِ اقصی کی آزادی کے لیے خصوصی دعاؤں اور اجتماعات کا اہتمام کیا گیا، جمعیت علماء پاکستان وملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ جہنم سے آزادی اور قبولیتِ دعا کا وقت ہے اور اسی مبارک گھڑی میں عالم اسلام کو قبلہ اول کی آزادی کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہوگا،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہاراں والا تک قبلۂ اول کی آزادی، مظلومین فلسطین و غزہ کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے خلاف مرکزی القدس ریلی نکالی گئی،ضلع مظفرگڑھ کے مختلف مقامات پریوم القدس کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں اور امریکا اور اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے، شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام جامع مسجد جعفریہ سے ریلی نکالی گئی جو مظفرگڑھ پریس کلب پہنچی،جہاں پر امریکا اور اسرائیل کیخلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، تلمبہ میں امامیہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوم القدس کے موقع پر نماز جمعہ کے بعد ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کر کے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا،ریلی کے شرکا نے امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے بھی بلند کیے،شجاع آباد میں یوم القدس کے حوالے سے امام بارگاہ حسینیہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی،ریلی میں شہریوں، علمائے کرام اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی جب کہ روہیلانوالی بائی پاس پر ملت جعفریہ پاکستان کے زیر اہتمام قبلۂ اول بیت المقدس کی آزادی،غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ایران پر یہودی و صیہونی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی، ریلی کے دوران شرکا نے بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی عوام کے حق میں نعرے بلند کیے اور صیہونی مظالم کیخلاف شدید احتجاج کیا۔
ملتان سے مزید