ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت عیدالفطر کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صفائی، سکیورٹی اور شہری سہولتوںسے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے عید سے قبل انتظامی اقدامات پر بریفننگ دی، کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو خصوصی طور پر مانیٹر کیا جائے تاکہ شہریوں سے زائد کرایہ وصول نہ کیا جا سکے،انہوں نے کہا کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ کی مکمل انسپکشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا کیلئے سیکرٹری آر ٹی اے ذمہ دار ہوں گے جب کہ اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، انہوں نے بس اڈوں اور ٹرمینلز کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کینٹینز پر ناقص اشیائے خوردونوش کی فروخت کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے جب کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بیکری آئٹمز کی چیکنگ مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی،کمشنر نے کہا کہ عید گاہوں اور مساجد کی صفائی یقینی بنائی جائے اور وہاں جانے والے راستوں کو صاف اور کشادہ رکھا جائے،چاند رات کے موقع پر عید مبارک اور چاند رات مبارک تھیم میں تبدیل کیا جائے جبکہ چاند رات سے عید کی تین راتوں تک شہر میں خصوصی لائٹنگ اور ڈیکوریشن جاری رکھی جائے۔