• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء کے خاندانوں کی کفالت ہماری ترجیح ہے، IGP خیبرپختونخوا

پشاور(جنگ نیوز)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا، ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتر کفالت اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا۔تقریب میں آئی جی پی ذوالفقار حمید نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے فراہم کردہ 70 سلائی مشینیں خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء ، بالخصوص کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کے شہداء کے اہل خانہ میں تقسیم کیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہداء کے خاندانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنا چھوٹا کاروبار شروع کر کے معاشی طور پر خود کفیل ہو سکیں۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے شہداء نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اب ان کے خاندانوں کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ یہ سلائی مشینیں محض ایک تحفہ نہیں بلکہ ان شہداء کی قربانیوں کا اعتراف ہیں جنہوں نے اپنا لہو ہمارے بہترین مستقبل کیلئے بہایا۔تقریب میں ڈی آئی جی ویلفیئر، اعلیٰ پولیس حکام اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔ شہداء کے خاندانوں نے آئی جی پی کے اس اقدام کو سراہا اور اسے پولیس فورس کی جانب سے اپنے محسنوں کے لیے ایک بہترین کاوش قرار دیا۔ آئی جی پی نے مزید یقین دہانی کرائی کہ شہداء کے بچوں کی تعلیم اور صحت کے حوالے سے بھی مزید ویلفیئر پیکجز پر کام جاری ہے جن کے ذریعے شہداء کے اہلخانہ کی دیکھ بھال اور بہتر تعلیم یقینی بنائی جائیگی۔
پشاور سے مزید