پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کو اثاثہ جات کیس میں طلب کرنے کے خلاف دائر درخواست پر نیب کو درخواست گزار کوہراساں نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رٹ درخواست نمٹا دی۔ ر ٹ کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس قاضی جواد احسان اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔اس موقع پر درخواست گزارڈاکٹرامجد علی کے وکیل بشیر وزیرایڈوکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ اسکے موکل صوبائی وزیر ہے جسے نیب نے نوٹس جاری کیا ہے اور ان کو ہراساں کر رہے ہیں حالانکہ اس نے نیب کو اثاثوں سے متعلق ریکارڈ فراہم کیا ہے عدالت نے گزشتہ رٹ پر سماعت کے دوران حکم دیا تھا کہ نیب درخواست گزار کو دوبارہ طلبی نوٹس جاری نہیں کرے گا تا ہم اب نیب نے دوبارہ نوٹس جاری کیا یے۔،جسٹس سید ارشدعلی نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق کارروائی کریں درخواست گزار کو ہراساں نہ کریں، درخواست گزار کو اگر ہراساں کیا جارہا ہے، تو وہ اس حوالے سے درخواست دائر کریں، فاضل بنچ نے صوبائی وزیر کی درخواست نمٹا دی۔