پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرپختونخوا پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لئے سول ڈیفنس کے زیر اہتمام تربیتی کورس مکمل ہوگیا، تقریب اسناد میں ڈائریکٹر سول ڈیفنس زاہد عثمان کاکاخیل ، سول ڈیفنس افسران اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔ صوبہ بھر کے پولیس اہلکاروں کے لئے سول ڈیفنس کا یہ تربیتی کورس محکمانہ ترقی اور ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس خیبر پختونخوا زاہد عثمان کاکا خیل کی زیرِ نگرانی منعقد ہونے والے اس کورس میں ٹریننگ انچارج آفیسر پشاور سید شاہ اور دیگر ماہر انسٹرکٹرز نے شرکاء کو تدریسی اور عملی تربیت فراہم کی، جامع تربیتی پروگرام کے دوران پولیس اہلکاروں کوجنگی اور ہنگامی تیاریاں، کیموفلاج، بلیک آؤٹ، براؤن آؤٹ، فضائی حملوں سے عوام کو بچانے کے لئے شیلٹرز کے قیام اور بنکرز کی تیاری کی تربیت دی گئی۔ پولیس اہلکاروں کو کسی بھی جنگی صورتحال کے دوران عوام کو محفوظ رکھنے کے اقدامات، اور نہ پھٹنے والے گولہ بارود کو ناکارہ بنانے یا اس سے نمٹنے کی تربیت دی گئی۔۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس زاہد عثمان کاکاخیل کا کہنا تھا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ مزید جدید اور نئے نئے شعبوں میں تربیت کو بھی اس ٹریننگ کا حصہ بنایا جائے ۔