پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشدایوب کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں موجودہ حکومتِ نے ترقیاتی عمل کو منظم بنانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور حکومت کی جانب سے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ موضع برکوٹ، مسلم آباد، کھاریاں اور گرم تھون میں جاری اور آئندہ شروع ہونے والی تمام ترقیاتی اسکیموں کواب باقاعدہ طور پر ریگولیٹ کیا جائے گا۔اس فیصلے کا بنیادی مقصد ان علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو منظم کرنا، غیر منصوبہ بند تعمیرات کی روک تھام اور شہری سہولیات کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا بلکہ عوام کو صاف پانی، نکاسی آب، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔علاقہ مکینوں نے حکومتی اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے سے ہریپور کے مضافاتی علاقوں میں بھی شہری طرز کی ترقی کو فروغ ملے گا اور معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔