راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) عید الفطر پر سیکورٹی و ٹریفک انتظامات کے لئے راولپنڈی پولیس کے 6000 سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے ، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر عید الفطر کے موقع پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے سیکورٹی و ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، ضلع بھر میں 1400سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر عید کے اجتماعات کے لیے سیکورٹی ڈیوٹی لگائی گئی ہے، عید کے دنوں میں شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے 800 سے زائد افسران ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے، ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس کی خصوصی پکٹس لگائی گئی ہیں، چاند رات پر شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر کی روک تھام کے لیے 40خصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں، خصوصی پکٹس پر 500سے زائد افسران ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس، ڈولفن فورس اور محافظ سکواڈ بھی فرائض سرانجام دیں گے، چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر تھانوں کی موبائلز،ڈولفن سکواڈ کی خصوصی ٹیمیں اور موٹر سائیکل سکواڈ علاقہ میں خصوصی گشت کریں گے، اس موقع پر سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، عید الفطر کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنایا جائے گا۔