آئیر لینڈ سے سیریز ملتوی ہونے کے بعد بنگلادیشی کرکٹ بورڈ نے بھارت کے ساتھ ہوم سیریز کھیلنے کی امید لگا لی۔
بین الاقوامی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ستمبر میں شیڈولڈ دورۂ آئرلینڈ ملتوی کر دیا ہے۔
کرکٹ آئر لینڈ نے بی سی بی کو آگاہ کر دیا تھا کہ اس کیلنڈر کے دوران ری شیڈولنگ ممکن نہیں ہے جس کے بعد دونوں بورڈز باہمی رضامندی سے شیڈولڈ ونڈو میں سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
بی سی بی نے ستمبر کی ونڈو میں بھارت کی میزبانی پر نظریں جمائی ہوئی ہیں، بھارت نے گزشتہ برس بنگلادیش کا دورہ کرنا تھا جسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
بنگلادیشی بورڈ نے رواں برس کے آغاز میں بھارت کے دورۂ بنگلادیش کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق بھارت نے 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے 28 اگست کو بنگلادیش آنا ہے۔
بنگلادیشی کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس جب بھارت کا دورہ 1 برس کے لیے ملتوی ہوا تھا تو آئرلینڈ کو بتایا تھا تاہم اب جبکہ آئرلینڈ نے سیریز ری شیڈول کرنے سے انکار کر دیا ہے تو دورہ ملتوی کردیا گیا ہے تاہم بات چیت جاری ہے ممکن ہے 2027ء میں سیریز کی ونڈو نکل آئے۔
دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورۂ بنگلادیش بھارتی حکومت کی اجازت سے مشروط ہے کیونکہ موجودہ سفارتی تعلقات کی وجہ سے بھارتی ٹیم کو حکومتی اجازت درکار ہے۔