کراچی (نیوز ڈیسک) ایرانی میزائل لندن تک پہنچنے کے قابل، برطانوی اڈے پر حملے کی کوشش نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ایران کے 4ہزار کلومیٹر رینج میزائل، پیرس، برلن اور لندن بھی نشانے پر، اسرائیل نے اسٹارمر کو خبردار کیا۔ وزیراعظم پر ڈیاگو گارسیا حملہ چھپانے کا الزام، ایران کا طویل فاصلہ میزائلوں کا پہلا عملی استعمال، مغرب میں تشویش، اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ ایران نے ایسے طویل فاصلے کے بیلسٹک میزائل تیار کر لیے ہیں جو یورپی دارالحکومتوں، حتیٰ کہ لندن تک کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب ایران نے برطانیہ اور امریکہ کے مشترکہ فوجی اڈے ڈیگو گارشیا پر میزائل حملے کی ناکام کوشش کی، جسے مغربی ماہرین نے عالمی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ ٹیلی گراف کے مطابق ایران نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیار کر لیے ہیں جو لندن تک مار کر سکتے ہیں، اسرائیل نے سر کیر اسٹارمر کو خبردار کردیاہے۔ ایران نے چاگوس جزائر پر موجود مشترکہ برطانوی امریکی فوجی اڈے ڈیاگو گارسیا پر دو میزائلوں سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ برطانوی حکومت کے ذرائع نے تصدیق کی کہ ایک میزائل کو امریکی جنگی جہاز نے روک لیا اور دوسرا پرواز کے دوران ناکام ہو گیا۔ یہ حملہ جو تقریباً 24 سو میل کے فاصلے سے کیا گیا تہران کی طرف سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے استعمال کی پہلی تصدیق شدہ مثال ہے۔