سیکیورٹی بارڈر فورسز اور نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ساؤتھمپٹن ڈاکس میں تقریباً 75 ملین پاؤنڈ مالیت کی 1 ٹن کوکین برآمد کر لی گئی۔
مذکورہ منشیات کو کنٹینر کے ذریعے نکاراگوا سے پاناما کے راستے برطانیہ پہنچانا مشن تھا۔
این سی اے کے مطابق مذکورہ منشیات کو کیلے کے پیلیٹوں میں چھپایا گیا تھا، مجموعی طو رپر 943 کلو گرام کوکین ضبط کی گئی ہے۔
ریجنلڈ روڈسمتھ وک، ویسٹ مڈس کے 37 سالہ ڈینیئل ڈومترو اور ویسٹ پارک گارڈنز پرینٹن مرسی سائیڈ کے 46 سالہ اینڈریو سمتھ پر کلاس اے کی منشیات درآمد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
این سی اے کے برانچ کمانڈر کا کہنا ہے کہ موثر کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی منشیات کی یہ ایک بڑی کھیپ ہے، جو برطانیہ میں اسمگل ہونا تھی، اس سے معاشرے میں نشے کی لت کوتقویت ملتی، تاہم بروقت آپریشن کے ذریعے منشیات فروشوں کو بھاری پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ہے۔