انگلش پریمیئر لیگ کلب لیورپول کے مصری اسٹار فٹبالر محمد صلاح نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سیزن کے اختتام پر کلب چھوڑ دیں گے۔
عرب میڈیا ’الجزیرہ‘ کے مطابق فٹبالر محمد صلاح کے اس اعلان کے بعد کلب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ صلاح نے شائقین کے احترام اور شفافیت برقرار رکھنے کے لیے بروقت اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
33 سالہ مصری فٹبالر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ لیورپول اِن کی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے اور وہ اس کلب، شہر اور مداحوں سے جذباتی وابستگی رکھتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے ساتھ جیتے گئے لمحات اور مشکل اوقات ہمیشہ یاد رہیں گے۔
واضح رہے کہ محمد صلاح 2017ء میں اطالوی کلب اے ایس روما سے لیورپول میں شامل ہوئے تھے اور جَلد ہی اِن کا کلب کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے لگا تھا۔
اِن کی موجودگی میں لیورپول نے 2 پریمیئر لیگ ٹائٹل، یوئیفا چیمپئنز لیگ، فیفا کلب ورلڈ کپ، یوئیفا سُپر کپ، ایف اے کپ، 2 لیگ کپ اور کمیونٹی شیلڈ جیتی۔
صلاح نے لیورپول کے لیے 435 میچز میں 255 گول اسکور کیے اور کلب کے تیسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بنے۔
اُنہوں نے 4 مرتبہ پریمیئر لیگ گولڈن بوٹ بھی اپنے نام کی۔
عرب میڈیا کے مطابق محمد صلاح کو سعودی پرو لیگ کلبز کی جانب سے ممکنہ منتقلی کی پیشکشوں سے بھی جوڑا جا رہا ہے تاہم ان کے اگلے کلب کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔