پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپئین منظور الحسن کو پرو ہاکی لیگ اور ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا منیجر بنانے پر غور شروع کر دیا۔
ہیڈ کوچ خواجہ جنید عہدے پر برقرار رہیں گے جبکہ دیگر کوچز کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
پی ایچ ایف کی منیجمنٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کے منیجر اور کوچز کے لیے اولمپئین اور کوچز سے رابطے کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اولمپین منظور الحسن کو قومی ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا امکان ہے، منیجمنٹ کمیٹی نے منظور الحسن سے ان کی دستیابی معلوم کی ہے۔
اس عہدے کے لیے اولمپئین حنیف خان اور اولمپئین شہناز شیخ کے نام بھی زیر غور ہیں، خواجہ جنید ہیڈ کوچ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
کوچ کے لیے اولمپیئن گول کیپر سلمان اکبر اور عدنان ذاکر کے نام پر غور کیا جا رہا ہے دونوں کئی سالوں سے یورپ میں کوچنگ میں مصروف ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم کو اگلے مہینوں میں پرو لیگ اور ورلڈ کپ یورپ میں ہی کھیلنے ہیں۔
قومی ٹیم پرو لیگ کھیلنے جون میں بیلیجم اور انگلینڈ جائے گی، جہاں اسپین اور بیلجیم کے ساتھ 2، 2 میچز ہوں گے جبکہ انگلینڈ کے دورے پر میزبان انگلینڈ اور بھارت سے 2، 2 میچز کھیلے گی، اگست میں ورلڈ کپ نیدر لینڈ اور بیلجیم میں ہوگا۔