• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: ڈی ایس پی نے شہری سے 3 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی ہتھیالی، مقدمہ درج

لاہور میں ڈی ایس پی نے شہری سے 3 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی ہتھیالی، باپ بیٹے کے خلاف فراڈ کا  مقدمہ درج کرلیا گیا۔ 

لاہور میں نواب ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ڈی ایس پی اظہر نوید اور اس کے بیٹے نائل کے خلاف فراڈ کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا، اس سے پہلے اسی نوعیت کے مقدمات تھانہ اقبال ٹاؤن اور ڈیفنس اے میں درج ہیں۔

پولیس کے مطابق نواب ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں حجاز رحیم نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایس پی اظہر نوید اور اس کے بیٹے نائل نے 3 کروڑ 60 لاکھ مالیت کی گاڑی ایک دن کیلئے بطور امانت لی اور پھر واپس نہیں کی۔

مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ گاڑی کی واپسی کا تقاضا کیا تو باپ بیٹا ٹال مٹول کرتے رہے، اس دوران ملزمان نے گاڑی شعیب شارق نامی شخص کے حوالے کر دی۔

ملزمان باپ بیٹے کے خلاف اسی نوعیت کے 2 مقدمات پہلے درج ہیں، تاہم ڈیفنس اے کا مقدمہ مدعی کے ساتھ صلح کے باعث خارج ہو گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی اظہر نوید بیٹے کے ساتھ مل کر مہنگی گاڑیوں کا کاروبار کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید