• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: میڈیکل کی طالبہ کو پروپوز کرنے پر اسسٹنٹ پروفیسر کی پٹائی لگ گئی

اسکرین گریب/ ایکس
اسکرین گریب/ ایکس 

بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر تمکور کے میڈیکل کالج میں طالبہ کو پروپوز کرنے پر اسسٹنٹ پروفیسر کی پٹائی لگ گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سری سدھارتھرا میڈیکل کالج (ایس ایس ایم سی) میں ایک اسسٹنٹ پروفیسر کی جانب سے کلاس میں طالبہ کو پروپوز کرنے پر شدید ہنگامہ کھڑا ہو گیا، جس کے بعد طلبہ نے پروفیسر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

پروفیسر نے دورانِ لیکچر اچانک ایک طالبہ کو مخاطب کرتے ہوئے محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنی کلاس کی ایک ’اہم لڑکی‘ کو پروپوز کرنا چاہتا ہے، اس دوران اس نے طلبہ میں چاکلیٹس تقسیم کرنے کا بھی اعلان کیا اور آخر میں طالبہ سے ’آئی لو یو‘ کہہ دیا۔ 

اس واقعے کی ویڈیو بنا کر طلبہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔

پروفیسر کے اس عمل پر طالبہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے انہیں پرنسپل سے بات کرنے کو کہا۔ اس دوران پروفیسر نے دعویٰ کیا کہ طالبہ نے پہلے خود بھی محبت کا اظہار کیا تھا اور اس کے پاس اس کا ثبوت موجود ہے۔

جب طالبہ نے سوال کیا کہ اس نے کب پروپوز کیا، تو پروفیسر نے کہا کہ اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔ تاہم ثبوت دکھانے کے مطالبے پر انہوں نے بات ختم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے دن بات کریں گے۔

جس کے بعد طلبہ کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا اور واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد دیگر طلبہ بھی مشتعل ہو گئے، جنہوں نے پروفیسر سے جھگڑا شروع کردیا جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گیا۔

طلبہ نے پروفیسر کا کیمپس میں پیچھا کیا، اس کے ساتھ ہی ایک ویڈیو میں طالبہ کو پروفیسر کو جوتے سے مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دیگر طلبہ بھی انہیں تشدد کا نشانہ بناتے نظر آئے۔

پروفیسر کو ان کی گاڑی کے قریب دوبارہ مارا گیا، تاہم وہ زخمی حالت میں وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔

کالج انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پروفیسر کو فوری طور پر معطل کر دیا، اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ویڈیوز سمیت تمام شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید