• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: میٹرک امتحانات کے دوران دفعہ 144 نافذ، امتحانی مراکز کے اطراف سخت پابندیاں

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

کمشنر کراچی ڈویژن سید حسن نقوی نے میٹرک (ایس ایس سی) کے سالانہ امتحانات 2026 کے انعقاد کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور نقل کی روک تھام کے لیے شہر بھر کے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت میٹرک کے امتحانات 7 اپریل سے 2 مئی 2026 تک منعقد ہوں گے، جن میں تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار امیدوار 530 امتحانی مراکز میں شریک ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ صرف ایڈمٹ کارڈ رکھنے والے امیدوار اور ڈیوٹی پر مامور عملہ ہی مراکز میں داخل ہو سکے گا۔ 

اس کے علاوہ امتحانی مراکز کے 200 گز کے دائرے میں ہر قسم کے اجتماعات، فوٹو اسٹیٹ مشینوں کے استعمال، اسلحہ کی نمائش اور موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک آلات کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نوٹفکیشن کے مطابق یہ اقدامات امتحانات کے شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ یہ پابندیاں 7 اپریل سے 2 مئی 2026 تک فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔

قومی خبریں سے مزید