• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر : شائستہ اظہر صدیقی، سیال کوٹ

ماڈل: مناہل

ملبوسات: فائزہ امجد اسٹوڈیو( ڈی ایچ اے، لاہور)

آرائش: دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

انسان کےاسلوبِ فکر، اندازِ گفتگو، طرزِ انتخاب اور روزمرّہ زندگی کے طورطریقوں میں نکھارپیدا کرنے، پھر حُسن و خُوب صُورتی کو محسوس کرنے، پہچاننے اور اُسے اپنے معمولات کا حصّہ بنانے کاسلیقہ سکھاتا جمالیاتی ذوق وہ صلاحیت ہے، جو معمولی چیزوں میں بھی ’’حُسن‘‘ ڈھونڈ لیتا ہے۔ رنگوں کے امتزاج سے بُنت پاتی کہانیوں کو سمجھ لینا اور الفاظ کے انتخاب میں دل کشی کو مدِنظر رکھنا… یہ سب رعنائیاں اُسی انسان کے حصّے آتی ہیں، جِسے قدرت نے جمالیاتی ذوق سے نواز رکھا ہو۔

ویسے ایسے لوگوں کی اردگرد موجودگی پورے ماحول کو بھی یک سر ہلکا پُھلکا، تازہ بہ تازہ کردیتی ہے کہ اُن کے ساتھ ہونے سے ہمہ وقت ایک فرحت و شگفتگی سی چھائی محسوس ہوتی ہے۔ وہ مشکلات میں آسانی کا پہلو کھوج نکالتے ہیں، کھردرے لہجوں میں چُھپا کرب محسوس کرکے حالات کا مارجن دیتے ہیں، تو کبھی بے وفاؤں، ہرجائیوں کو’’شاید اُس کی کوئی مجبوری ہوگی‘‘ کا پیرہن پہنا کر اُن پر بھی کسی قسم کی اذیت حاوی نہیں ہونے دیتے۔ 

اِسی طرزِ فکر کو شاعرہ زینت شیخ نے کیا بہترین الفاظ میں ڈھالا ہے ؎ اب مَیں خود کو آزمانا چاہتی ہوں…غم میں کُھل کر مُسکرانا چاہتی ہوں…یہ تماشا بھی دکھانا چاہتی ہوں…آگ پانی میں لگانا چاہتی ہوں…ہجرتوں کا بوجھ اب اُٹھتا نہیں ہے…مستقل کوئی ٹھکانا چاہتی ہوں…دشمنوں کا امتحاں میں لے چُکی ہوں… دوستوں کو آزمانا چاہتی ہوں…مجھ کو زؔینت سونے دیتی ہی نہیں ہیں…اُن کی یادوں کو بُھلانا چاہتی ہوں۔

اپنے انداز میں سادگی و وقار کی بہترین ہم آہنگی سموئے نہ صرف خُود کو بلکہ ماحول کو بھی مہکائے رکھنے والے جمالیاتی ذوق سے پُر افراد دراصل ایک بہت گہرے فیصلے کے خاموش پیغام بر بھی ہوتے ہیں کہ اپنے قلب و جگر، رُوح و بدن کی یعنی خُود کی قدر، کس قدر ضروری ہے۔ یہ وضع، روش صرف دکھاوے کی شے نہیں بلکہ جینے کا ایک انداز ہے۔

وہ کیا ہے کہ ؎ جو بشر خُود کو بھی نہ پہچانے… وہ رموزِ حیات کیا جانے۔ سوچ، ماحول، رویے اور لباس میں توازن ونفاست اگر خُود بخود ایک پُروقار اور متاثرکُن شخصیت کے سانچے میں ڈھل جاتا ہے تو وہیں خوش اور مطمئن رہنے کی مسلسل کوشش کرتے رہنے سے بھی بالآخر روحانی و باطنی طور پر مطمئن وشُکر گزار رہنا آہی جاتا ہے۔

مثبت سوچ نہ صرف انسان کے فیصلے بہتر کرتی ہے بلکہ اُس کے اندر ایک ایسا سُکون اجاگر کردیتی ہے کہ معمولی باتوں سے بھی خوشی کے رنگ ڈھنگ چھلکتے نظر آتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی کام یابیاں، مختصر لمحوں میں نصیب ہوئی راحتیں، اور سادہ مُسکراہٹیں زیست کو انتہائی خُوب صُورت بنا دیتی ہیں۔ لوگ اپنی قدر پہچان کر دوسروں کی رائے کے بوجھ تلے دبنے کی بجائے اپنی راہ، اپنی منزل خود متعیّن کرتے ہیں۔ اپنے آپ سے اچھا تعلق کچھ یوں قائم ہوتا ہے کہ جب بھی آئینے سے نظریں چار ہوں تو وہ کہہ اُٹھے؎ ’’اب اور مجھ سے کوئی خوش جمال کیا ہوگا…‘‘

اور… ایسی ہی خوش جمالی کی ایک بزم آج یوں سجی ہے کہ لیونڈر رنگ پہناوے کی قمیص کے فرنٹ پر گلابی اور سفید رنگ دھاگوں سے انتہائی نفیس کڑھت کی گئی ہے، جو پوری شرٹ کےساتھ دامن پر خاصی نمایاں ہے۔ نیز، دامن اور آستینوں کے کنارے کٹ ورک سے بھی مزیّن ہیں۔ بنفشی گِرے رنگ کا لباس اپنی بناوٹ اور اعلیٰ کڑھت کے سبب بہت ہی Luxurious(پُر تعیش)سا لگ رہا ہے۔ نمایاں خاصیت اس کے اوپر موجود نیٹ کا جالی دار کیپ ہے، جو اِسے ایک خاصا شاہانہ پہناوا بنا رہا ہے۔

چوں کہ قمیص کا دامن بھاری کڑھائی اور کٹ ورک سے لیس ہے، تو اِسے پارٹی ویئر کے لیے ایک بہترین انتخاب بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ گلابی رنگ کے تھری پیس سُوٹ کی قمیص پر باریک عمودی لائنوں والا ٹیکسچر، جب کہ نچلے حصّے پر گلابی ہی رنگ کے مختلف شیڈز سے پھولوں کی شان دار کڑھت، اِسے انتہائی کومل سا احساس دے رہی ہے۔ دامن، آستینوں کے کناروں پر سرکلر لیس اور ساتھ سادہ، ملائم فیبرک کا ہم رنگ دوپٹا ہے۔ ٹراؤزر بھی گلابی ہی رنگ کاہے، جس کے پائنچے پر سیڑھی لیس کی ڈیزائننگ کی گئی ہے۔

یہ جوڑا اپنی رنگت کی وجہ سے گرمیوں کی تقریبات کے لیے بےحد موزوں رہے گا۔ چاکلیٹ براؤن رنگ کا فارمل جوڑا اپنے بھاری، روایتی کام کی وجہ سے کسی بھی بڑی تقریب کے لیے ایک عُمدہ انتخاب ہے کہ پوری قمیص پر زری، تلّے اور ریشم کا کام ہے، جب کہ ہم رنگ براؤن ٹراؤزر کے پائنچوں پر بھی قمیص سےملتی جُلتی بھاری کڑھائی کی گئی ہے۔ اور ٹرکوائز رنگ فارمل لباس کی قمیص کی کڑھت میں پتّوں، پھولوں کے بڑے بڑے نمونے نمایاں ہیں۔

گلے کے اطراف اور سامنے کے حصّے پر ہلکا سا چاندی کا کام، موتی، نگوں کی سجاوٹ بھی ہے، جب کہ آستینیں نیٹ کی ہیں، جن پر کڑھت کے پیچ لگائے گئے ہیں۔ یہ جوڑا اپنی ٹھنڈی رنگت کی وجہ سے گرمیوں کی منگنی، شادیوں یا دیگر پارٹیزکے لیے ایک لاجواب انتخاب ہو سکتا ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید
جنگ فیشن سے مزید