کراچی میں ٹریفک پولیس مہم کے دوران تین تلوار سے فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) انویسٹی گیشن ساؤتھ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی گاڑی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزم کو کچھ روز قبل تین تلوار پر پولیس چیکنگ کے دوران روکا گیاتھا، ملزم اپنی گاڑی پولیس کے سامنے تیز رفتاری سے لےکر فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ یکم اپریل کو فریئر تھانہ میں درج کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ یکم اپریل کو کراچی میں فینسی نمبر پلیٹ کے خلاف ٹریفک پولیس کی مہم کے دوران شہر کے مصروف ترین علاقے کلفٹن تین تلوار پر ٹریفک پولیس نے ایک کم عمر ڈرائیور کو روکا تھا، روکے جانے پر بچے نے گاڑی سے اتر کر غصہ کیا اور دوبارہ گاڑی لے کر فرار ہو گیا تھا۔
اس کے بعد کم عمر ڈرائیور آس پاس کھڑے لوگوں کو ٹکر مارتا ہوا اور سگنل توڑ کر فرار ہو گیا تھا، ٹریفک پولیس کی مہم کے دوران ڈی آئی جی ٹریفک بھی وہاں موجود تھے۔