اسلام آباد (طاہر خلیل، نیوز رپورٹر) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہم نے مذاکرات کیلئے اسلام آباد آنے سے کبھی انکار نہیں کیا، جنگ بندی کوششوں پر پاکستان کے بے حد شکر گزار ہیں، امریکی میڈیا جنگ بندی کی خبروں کو غلط طریقے سے پیش کر رہا ہے، ایران کسی بھی ایسے حل میں دلچسپی رکھتا ہے جو جنگ کے مکمل اور پائیدار خاتمے کی ضمانت دے، عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر ایرانی عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت کی ویڈیو بھی شیئر کی، پیغام کے آخر میں اردو میں ’پاکستان زندہ باد‘بھی لکھا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی وضاحت کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کیلئے’’میرے عزیز بھائی‘‘ کے الفاظ کا استعمال کیا، بعدازاں اسحق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے خطے کی ابھرتی صورتحال پر گفتگو کی، کشیدگی میں کمی کیلئے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا، اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کرکے خطے کی موجودہ صورتحال اور جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے نے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ٹویٹ میڈیا کو شیر کیا ہے ۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے ہم نے مذاکرات کیلئے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ گزشتہ روز امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل نے یہ خبر نشر کی تھی کہ ایران نے اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ثالثوں کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات کیلئے تیار نہیں اور یہ کہ امریکا کے مطالبات ناقابل قبول ہیں۔ تاہم اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا پر ایرانی عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے مذاکرات کیلئے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ عباس عراقچی نے لکھا کہ ہم جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، امریکی میڈیا جنگ بندی کی خبروں کو غلط طریقے سے پیش کر رہا ہے، ایران ان شرائط پر زور دیتا ہے کہ جنگ کا جامع اور دائمی خاتمہ ہونا چاہیے۔ اپنے ٹویٹ کے آخر میں ایرانی وزیر خارجہ نے اردو میں پاکستان زندہ باد بھی لکھا۔ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج رات ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔انہوں نے خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اسحق ڈار نے کشیدگی میں کمی کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے جاری صورتحال کے پیشِ نظر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں خارجہ تعلقات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عباس عراقچی نے مخالفین کے جھوٹے پروپیگنڈے کی بھرپور تردید کر دی ہے ۔ ماہرین کے مطابق انکی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف اور شکریہ، عالمی امن اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے پاکستان کی ساکھ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ بیان مغربی اور بھارتی میڈیا کے ساتھ پاکستان میں موجود ان کے آلہ کاروں کی جانب سے چلائی جانے والی ڈس انفارمیشن مہم کا خاتمہ کرتا ہے۔