• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیوب ویلز پر فائرنگ اورجانی نقصانات کا واقعہ قابل مذمت ہے،جے یوآئی پی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالمالک ، صوبائی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کھوسہ ، حاجی امین اللہ امین ، مولانا محمد اقبال عثمانی ، مولانا عبدالغنی ساسولی اور مولانا امان اللہ گرگناڑی نے کوئٹہ شہر میں ایک ہی دن متعدد ٹیوب ویلز پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں بے گناہ افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیوب ویلز مالکان کو دھمکیاں ملتی رہیں اس کے باوجود انتظامیہ اور پولیس کے جانب سے ان کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی سوالیہ ہے ، واقعے سے ثابت ہوتا ہے کہ کوئٹہ میں جائز اور قانونی روزگار بھی محفوظ نہیں رہے ۔ شہر میں پولیس کے درجنوں ناکوں کا مقصد صرف شریف شہریوں کو تنگ اور افغان مہاجرین ، ڈبل سواری اور موٹر سائیکل کے کاغذات کے نام پر لوگوں کو پکڑنا اور پھر مبینہ طور پر پیسے لے کر چھوڑنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیو سریاب تھانہ کے لاپ میں قیدی اسرار قلندرانی کی موت کا مشکوک واقعہ بھی پولیس کی اہلیت اور فرائض کی ادائیگی میں پیشہ ورانہ مہارت کی کمزوری کا اظہار ہے اگر پولیس تحویل میں قیدی نے خودکشی بھی کی ہے تو بھی اس کی ذمہ داری متعلقہ تھانے کے اہلکاروں پر عائد ہوتی ہے اور اگر تشدد سے موت واقع ہوئی ہے تب بھی پولیس ہی ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چھیننے اور مزاحمت پر بے گناہ شہریوں کو مارنے ، زخمی کرنے کے واقعات بھی تسلسل سے پیش آرہے ہیں ان کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے تدارک کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے-
کوئٹہ سے مزید