ایران نے امریکی تجاویز پر اپنا ردعمل پاکستان کو بھجوا دیا ہے۔ ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کا ردِعمل ظاہر کرتا ہے کہ ایران نے جنگ بندی کو مسترد کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران اس بات پر زور دے رہا ہے کہ جنگ کا مستقل، مکمل خاتمہ ضروری ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے ردِعمل میں 10 نکات شامل ہیں، ایران کے نکات میں خطے میں تنازعات کا خاتمہ، آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کے لیے ضابطہ کار، پابندیوں کا خاتمہ اور امریکی اسرائیلی حملوں کے نقصانات کی تعمیرِ نو بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کیخلاف فوجی کارروائی اور اس پر ایران کے بھرپور جوابی حملوں کے بعد خطے کی صورتحال کشیدگی کا شکار ہے جو ایران کے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے اعلان کے بعد مزید کشیدگی کا شکار ہوگئی۔
ایسے میں پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا-اسرائیل جنگ کے خاتمے کےلیے کوششیں جاری ہیں اور سلسلے میں اسلام آباد بطور ثالث اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
امریکا کی جانب سے پہلے 15 نکاتی تجاویز دی گئی تھیں، جسے امریکا نے پاکستان تک پہنچایا جس نے یہ تجاویز ایران تک پہنچائی تھیں جس کا تہران نے جواب بھی دے دیا تھا۔
تاہم اب اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ آج ایران نے پاکستان کی جانب سے فوری جنگ بندی کی تجویز موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران نے جنگ بندی کی تجاویز پر ردِعمل مرتب کر لیا، جوابات مرتب کیے ہیں، مقررہ وقت پر تفصیلات کا اعلان کریں گے، قومی مفادات کی بنیاد پر اپنے مطالبات ثالثی چینلز کے ذریعے پہنچا دیے گئے ہیں۔