تھائی لینڈ میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گوبھی کی بوریوں کے نیچے چھپائی گئی 1.6 ٹن منشیات برآمد کرلی اور منشیات اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 39 سالہ تھائی شہری کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مرکزی صوبہ ایوتھایا میں ایک پیٹرول پمپ پر رکا، حکام نے گاڑی کی تلاشی کے دوران سبزیوں کی بوریوں کے نیچے چھپائے گئے 900 کلوگرام کیٹامین اور 700 کلوگرام کرسٹل میتھ ایمفیٹامین برآمد کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے ڈرائیور نے اعتراف کیا کہ اسے 100000 تھائی بھات (تقریباً 3000 امریکی ڈالر) کے عوض منشیات منتقل کرنے کے لیے رکھا گیا تھا۔
تھائی لینڈ میں منشیات اسمگلنگ کے جرائم پر 15 سال قید سے لے کر عمر قید تک کی سزا ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیا میں منشیات اسمگلنگ کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں ہیروئن اور میتھ ایمفیٹامین جیسی منشیات کی بڑی مقدار میں برآمدگیاں ہوتی رہتی ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کے مطابق 2024ء میں مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا میں ریکارڈ 236 ٹن میتھ ایمفیٹامین برآمد کی گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔