کراچی (نیوز ڈیسک) ایران جنگ بندی کیلئے امریکا نے پاکستان پر دباؤ ڈالا، تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ایرانی حکومت کی غیر متوقع مزاحمت کے باعث ٹرمپ کم از کم 21 مارچ سے جنگ بندی کے خواہاں تھے۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کئی ہفتوں سے پاکستان پر دباؤ ڈال رہی تھی کہ وہ ایران کو عارضی جنگ بندی پر آمادہ کرے جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جا سکے۔ اخبار کے مطابق پاکستان نے بطور مسلم اکثریتی ہمسایہ اور ثالث، ایران کو اس پر قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں جاری بیک چینل سفارتی کوششوں کا نتیجہ منگل کی رات اس اعلان کی صورت میں نکلا جس میں امریکا، اسرائیل اور ایران نے دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔