اسلام آباد (طاہر خلیل)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی اور چینی اداروں کے درمیان ایک جوائنٹ وینچر معاہدے اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، یہ معاہدے تعمیراتی مشینری، حیوانات کی صحت اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں، ان سرگرمیوں کا مقصد اہم شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق الحسن ٹریڈ اسٹیبلشمنٹ، سانی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور ہینان جیا لونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کے درمیان اعلیٰ معیار کے آلات، مینوفیکچرنگ اور تعمیراتی مشینری کے شعبوں میں تعاون کےلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔یہ سہ فریقی تعاون پاک ۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق کاموں کی معاونت، مکمل تعمیراتی مشینری اور آلات کی فراہمی میں تعاون کے فروغ، پیشہ ورانہ تربیتی نظام کی ترقی اور بعد از فروخت آپریشن و مینٹیننس خدمات کی فراہمی پر مرکوز ہے۔ فریقین پاکستان میں فیکٹریوں کے قیام کےلئے سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لیں گے اور تعمیراتی مشینری کی مقامی سطح پر پیداوار کو فروغ دیں گے۔