• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں مزدور کو اپنی خودی بیچنا پڑتی ہے، خالد مقبول

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بوسیدہ نظام گرانے کیلئے مزدور اور طلبہ کا ایک پلیٹ فارم پر آنا وقت کی ضرورت ہے۔ مہذب معاشروں میں مزدور اپنا وقت اور صلاحیت فروخت کرتا ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں مزدور کو اپنی خودی بیچنا پڑتی ہے،کوٹہ سسٹم سراسر لسانی تقسیم پر مبنی تھا، پنجاب اور دیگر صوبوں نے اردو کو رابطے کی زبان کے طور پر قبول کیا لیکن سندھ میں لسانیت کی بنیاد پر فیصلے کر کے تفریق پیدا کی گئی۔ ایم کیو ایم کا قیام دراصل مزدور تحریک ہی کا تسلسل ہے اور اس ملک کا مقدر وہی طرزِ سیاست ہے جس کی بنیاد ایم کیو ایم نے رکھی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیبر ڈویژن یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کے زیرِ اہتمام لیاقت میموریل آڈوٹیریم میں یومِ مزدور کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، 140 سال قبل پیش آنے والے سانحہ شکاگو نے سرمایہ دارانہ نظام کی بنیادیں ہلا دیں، جبکہ پاکستان میں 1972ء میں اداروں کو قومیانے کے نام پر درحقیقت متوسط طبقے پر جاگیردارانہ نظام مسلط کیا گیا، آج اس بوسیدہ نظام کی دیواریں کھوکھلی ہو چکی ہیں جنہیں گرانے کے لئے مزدور اور طلبہ کا ایک پلیٹ فارم پر آنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کے ایوانوں کو معتبر رکھنے کا کریڈٹ صرف ایم کیو ایم کو جاتا ہے جس نے عام آدمی کو اسمبلیوں تک پہنچایا، ہمارا خواب ہے کہ کسان کی نمائندگی کسان اور مزدور کی نمائندگی مزدور خود کرے نہ کہ کوئی وڈیرہ یا سرمایہ دار ان کے نام پر اسمبلیوں میں بیٹھے۔
اہم خبریں سے مزید