پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور کی خصوصی احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخواڈاکٹر شوکت علی کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب محمد علی اور سپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ عدالت میں پیش ہوئے۔ پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کوبتایا کہ نیب نے سابق ڈی جی ہیلتھ کو ادویات کی خریداری سے متعلق سکینڈل میں گرفتارکیا کیونکہ ان پر ایک ارب روپے سے زائد کی خورد برد کا الزام ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایاکہ ملزم نے جعلی چالان کے ذریعے من پسند فرمز کو ادائیگیاں کیں اس پر فنڈز اہلیہ کے نام پر اثاثے بنانے کا بھی الزام ہے ۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ڈاکٹر شوکت علی دل کا مریض ہے جسمانی ریمانڈ نہ دیا جائے ، عدالت کا ملزم کے طبی معائنے اور تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی جبکہ اسے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔