پشاور ( لیڈی رپورٹر)مزدور اتحاد کے چیئرمین قیصر باچہ نے اپنے یونین وفد کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی سے تنخواہوں اور پنشنز کے حوالے سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر بلدیات نے بلدیاتی ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین قیصر باچہ، فنانس سیکرٹری صاحبزاد بدر منیر، جائنٹ سیکرٹری کرامت شاہ، پریس سیکرٹری ذیشان تسلیم اور امداد چغر مٹی نے صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں کیپٹل میٹروپولیٹن کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز کی عدم ادائیگی کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر مزدور اتحاد کے چیئرمین قیصر باچہ نے کہا کہ عیدالاضحی قریب ہے جبکہ صوبائی اعلامیے کے مطابق 20 مئی کو ایڈوانس تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے، مگر کیپٹل میٹروپولیٹن کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز کے حوالے سے تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل کے مطابق گرانٹ لیٹر لوکل گورنمنٹ سے محکمہ فنانس کو ارسال کیا جا چکا ہے، لہذا صوبائی وزیر بلدیات محکمہ فنانس کو فوری گرانٹ ریلیز کرنے کی ہدایت جاری کریں تاکہ غریب ملازمین عید کی خوشیوں اور سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی سے محروم نہ رہیں۔